اسلام آباد( کامرس ڈیسک)آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بحری جہازوں کو نکالنے کے منصوبے کے اعلان کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت پیر کی صبح 108.11 ڈالر فی بیرل رہی، جس میں معمولی 0.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں فوری ردعمل محدود رہا ہے کیونکہ سرمایہ کار امریکی منصوبے کی تفصیلات اور عملی اثرات کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہیں۔رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ تجارتی جہازوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے جنگی بحری جہازوں، 100 سے زائد طیاروں اور 15 ہزار اہلکاروں کی تعیناتی کر رہی ہے، تاہم براہِ راست بحری حفاظت کے واضح اعلان سے گریز کیا گیا ہے۔دوسری جانب ایران نے امریکی اقدامات کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی مداخلت کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ خطے میں کشیدگی کے ساتھ ساتھ خلیجی پانیوں میں جہازوں پر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔
آبنائے ہرمز بحران کے باوجود تیل کی قیمتیں مستحکم، سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کرنے لگے
2 دن قبل