کوئٹہ( بلو چستان خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے ذریعے عوام کو مفت اور معیاری علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے کے شہریوں کی آسانی کے لیے ہر شہری کا شناختی کارڈ ہی اس کا ہیلتھ کارڈ تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ اس پروگرام میں نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر کے بڑے اور نجی اسپتالوں کو بھی نیٹ ورک میں شامل کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ کے مطابق بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت اب تک 3 لاکھ 45 ہزار مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے تحت 69 ہزار ڈائیلاسز، 44 ہزار سے زائد کیموتھراپی سیشنز اور 1200 سے زائد ریڈیو تھراپی سیشنز مکمل کیے گئے ہیں۔اسی طرح دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے 7 ہزار 784 اینجیو پلاسٹی اور 575 بائی پاس سرجریز کامیابی سے انجام دی گئیں، جبکہ بچوں کے دل کے 304 کیسز کا بھی مفت علاج کیا گیا۔مزید بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت 3 ہزار 412 نیورو سرجریز، 12 ہزار 300 آرتھوپیڈک سرجریز اور برنز و پلاسٹک سرجری کے 183 کیسز بھی مکمل کیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق یہ پروگرام عوام کے لیے صحت کے شعبے میں ایک بڑی سہولت ثابت ہو رہا ہے اور اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت لاکھوں شہریوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم
1 ہفتے قبل