اسلام آباد( بلو چستان خبر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ مزدور منایا جا رہا ہے جس کا مقصد محنت کش طبقے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کو دہرانا ہے۔یکم مئی کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری و نجی سطح پر تقریبات، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں مزدوروں کے حقوق، بہتر اجرت، محفوظ کام کے ماحول اور سماجی تحفظ جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔یومِ مزدور کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مزدور اور ہنرمند افراد نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بیرونِ ملک بھی اپنی محنت اور مہارت سے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔دوسری جانب مہنگائی، بے روزگاری اور کم اجرت جیسے مسائل اب بھی محنت کش طبقے کے لیے بڑے چیلنجز کے طور پر موجود ہیں، تاہم اس کے باوجود مزدور اپنی روزمرہ ذمہ داریاں سرانجام دیتے دکھائی دیتے ہیں۔