کوئٹہ ( بلو چستان خبر)صوبائی دارالحکومت میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو مؤثر بنانے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ اداروں نے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں سیکرٹری علاقائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد علی، ٹریفک پولیس کے افسر سلمان ترین اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسر آصف جان ترین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہر میں بغیر رجسٹریشن چلنے والی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔حکام کے مطابق غیر رجسٹرڈ گاڑیاں ٹریفک نظم و ضبط میں خلل کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے لیے بھی خطرہ بن رہی ہیں، اس لیے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے جامع اقدامات ناگزیر ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ علاقائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس اور ایکسائز محکمہ مشترکہ کارروائیاں کریں گے، جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکام نے واضح کیا کہ قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور بغیر رجسٹریشن گاڑی سڑکوں پر لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے اور روزانہ کی بنیاد پر نگرانی بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے پیش نظر رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے پر بھی بات کی گئی تاکہ عوام کم وقت میں اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن مکمل کرا سکیں۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت رجسٹریشن یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے اور شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
کوئٹہ میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ
5 دن قبل