اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ تعاون اور دوطرفہ اقتصادی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں علاقائی تجارت کے فروغ، مربوط تجارتی راہداری کے قیام اور لاجسٹکس نظام کی بہتری پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ جدید لاجسٹکس حب اور بہتر ٹرانسپورٹ نظام خطے میں تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں۔انہوں نے نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے بزنس فورم کے انعقاد کی تجویز بھی دی اور چین کے ساتھ تعاون کو علاقائی روابط کے فروغ میں اہم قرار دیا۔ اس موقع پر برآمدی اور درآمدی اداروں کے درمیان براہ راست رابطوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔تاجک سفیر نے پاکستان کی علاقائی رابطہ کاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجکستان اضافی توانائی پاکستان کو فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ ایلومینیم کی تجارت اور صنعتی تعاون کے وسیع مواقع بھی موجود ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنایا جائے گا اور پاکستان و تاجکستان کے درمیان قریبی اور مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت و ٹرانزٹ تعاون بڑھانے پر اتفاق
5 دن قبل