کولمبو (سپورٹس ڈیسک) سری لنکا کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو مبینہ طور پر ہوٹل میں قیام کے دوران خواتین کی خفیہ ویڈیوز بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق واقعہ کولمبو کے علاقے ناراہین پیتا میں پیش آیا، جہاں انڈر 19 ٹیم مقیم تھی۔شکایت کنندہ خواتین نے الزام عائد کیا کہ انہیں باتھ روم میں نہاتے ہوئے موبائل فون کے ذریعے خفیہ طور پر فلمایا گیا۔ اس شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو حراست میں لیا۔بعد ازاں دونوں ملزمان کو پانچ لاکھ سری لنکن روپے (تقریباً 4 لاکھ 36 ہزار پاکستانی روپے) کے ذاتی مچلکوں پر ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق اس بات کی بھی تحقیقات جاری ہیں کہ آیا مبینہ ویڈیوز کو کسی آن لائن پلیٹ فارم پر شیئر کیا گیا ہے یا نہیں۔حکام نے بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو ابتدائی سماعت کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا ہے اور کیس کی اگلی سماعت 25 مئی کو مقرر کی گئی ہے۔دوسری جانب سری لنکا کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ تادیبی کارروائی سامنے نہیں آئی، تاہم ادارے میں حالیہ دنوں میں انتظامی تبدیلیاں اور اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں۔