کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور میزبان فضا علی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث کا مرکز بن گئی ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کا یومِ مزدور کے موقع پر کیا گیا خصوصی پروگرام ہے۔یکم مئی کے موقع پر فضا علی نے اپنے شو میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے محنت کش افراد کو مدعو کیا تاکہ ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ اس دوران وہ خود بھی ہاتھ میں بیلچہ تھامے مزدوروں کے ساتھ ویڈیو ریل بناتی نظر آئیں، جس میں محنت کش طبقے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا پیغام دیا گیا۔اگرچہ پروگرام کا مقصد مزدوروں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اس انداز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ناقدین کا کہنا ہے کہ مزدوروں کو باوقار انداز میں پیش کرنے کے بجائے انہیں ایک مخصوص انداز میں دکھایا گیا، جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ پروگرام کا مقصد زیادہ تر ویوز اور ریٹنگز حاصل کرنا تھا۔سوشل میڈیا پر ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ بہتر ہوتا اگر محنت کشوں کو عزت و احترام کے ساتھ مدعو کیا جاتا، نہ کہ انہیں محض مواد کے طور پر استعمال کیا جاتا۔ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ مواد تخلیق کرنے کا فن فضا علی بخوبی جانتی ہیں۔کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ اگر واقعی مزدوروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا مقصود تھا تو اسے زیادہ سنجیدہ اور باوقار انداز میں پیش کیا جانا چاہیے تھا۔